13 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 15:8
منشیات کے خاتمے اورا سمگلنگ کی روک تھام کیلئے پاک بھارت مفاہمت
جنگ نیوز -
اسلام آباد. . . جنگ نیوز. . . پاکستان اور بھارت نے منشیات کے خاتمہ، سمگلنگ کی روک تھام اور منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والے کیمیکل پر پابندی کے حوالہ سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے۔ اس سلسلے میں تقریب منگل کو اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) ہیڈکوارٹر راولپنڈی میں منعقد کی گئی۔ مفاہمتی یادداشت پر پاکستان سے ڈی جی اے این ایف میجر جنرل شکیل حسین اور بھارت کی طرف سے نارکوٹکس کنٹرول بورڈ کے ڈی جی او پی ایس ملک نے دستخط کئے۔ دونوں جانب سے منشیات کے خاتمہ، اس کے بڑھتے ہوئے رجحان میں کمی، سمگلنگ کی روک تھام، اس کی تیاری میں استعمال ہونے والے کیمیکل پر پابندی اور انٹیلی جنس پر تبادلے پر مشترکہ طور پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں اداروں کے سربراہان نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ منشیات کے عمل کو روکنے کیلئے سالانہ مذاکرات کئے جائیں گے تاکہ خطہ کو منشیات سے پاک کیا جا سکے۔