تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
13 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 15:8

بدین کے سیلاب زدہ علاقوں میں پاک بحریہ کا ریسکیو آپریشن جاری

جنگ نیوز -
کراچی . . .جنگ نیوز. . . پاک بحریہ کا ریسکیو آپریشن ”مدد ایسٹ“ ضلع بدین کے سیلاب زدہ علاقوں ثمن سرکار، تارائی، کھوسکی، جھڈو، سنگھوڑا، پنگھریو میں جاری ہے۔ منگل کو آئی ایس پی آر (پاک بحریہ) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاک بحریہ کی ریسکیو ٹیموں نے 2145 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔ شدید بارشوں کے پیش نظر آئندہ دو روز میں اضافی طبی اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں تعنیات کردی گئی ہیں۔ پاک بحریہ کی موبائل میڈیکل ٹیمز نے ضلع بدین اور میرپور خاص کے علاقوں میں 600 سے زائد متاثرین کو طبی امداد فراہم کی۔ پاک بحریہ نے تحصیل سنگھوڑا کے سیلاب زدگان میں 3612 کلو گرام راشن، خیمے اور کمبل تقسیم کئے جبکہ ٹنڈو الہ یار میں 1200 کلو گرام راشن اور دوسری ضروری اشیاء متاثرین میں تقسیم کی گئیں۔ پاک بحریہ کی ریسکیو ٹیموں نے پنگھریو میں 1125 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے جبکہ پاک بحریہ کے طبی کیمپ میں 540 افراد کو علاج کی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ پاک بحریہ کے ہوور کرافٹس نے دشوار گذار علاقوں سے 440 پھنسے ہوئے افراد کوبھی محفوظ مقام پر پہنچا دیا۔ علاوہ ازیں پاک بحریہ کی امدادی ٹیموں نے کھوسکی میں سیلاب سے متاثرہ 500 افراد کو بحفاظت نکال لیا اور انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ جھڈو کے علاقے سے پاک بحریہ کی امدادی ٹیموں نے 400 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا اور سیلاب سے متاثرہ 340 سے زائد افراد کو طبی امداد فراہم کی۔ پاک بحریہ کے ہبوور کرافٹس اور کشتیوں کے علاوہ پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرز دور دراز علاقوں میں راشن کی ترسیل اور امدادی کاموں کا جائزہ لینے کے لئے متاثرہ علاقوں میں تعینات کئے گئے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.