تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
13 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 15:19

کراچی میں بارش،نظام در ہم بر ہم ، 4افراد جاں بحق

جنگ نیوز -


کراچی . . . . . گذشتہ روز شروع ہونے والی بارش کا پانی شہر کی اہم شاہراہوں پر اب تک تک موجود ہے جبکہ کئی علاقوں میں سیوریج کا پانی بھی بارش کے پانی کے ساتھ مل کر گھروں میں داخل ہوگیاہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں جا بجا پانی کھڑا ہے ایم اے جناح روڈ ، آئی آئی چندریگر روڈ ، شارع فیصل ، ڈیفنس ہاوسنگ اتھارٹی ، برنس روڈ ، اردوسمیت متعددعلاقوں میں سڑکوں پر کئی ،کئی فٹ پانی کھڑا ہے جس کے سبب شہریوں کو سڑکوں سے گزرنے میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے،کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔ دوسری جانب جناح اسپتال اور سول اسپتال میں بجلی کی بندش سے مختلف وارڈ اورایمرجنسی میں داخل مریضوں اور ڈاکٹروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔نارتھ ناظم آبادکے علاقے واحد کالونی میں دیوار گرنے سے دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ رشید آباد میں مکان کی چھت گرنے سے پانچ افراد زخمی ہوئے. برنس روڈ کے علاقے میں واقع اخبار مارکیٹ کے قریب گلی میں بجلی کا تار گرنے سے کرنٹ پھیل گیا جس سے دو افراد جاں بحق ہوگئے۔شہرمیں نکاسی آب کے ناقص نظام کے باعث صدر ٹاوٴن کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر کھڑے پانی میں گٹر کا پانی شامل ہوگیا ہے اور سڑکیں تالاب بن گئی ہیں ، شہر کے اس مرکزی اور اہم علاقے میں نظام زندگی بالکل مفلوج ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہر میں بدھ تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔بارش کے باعث کے ای ایس سی کے 298 فیڈر ٹرپ کرگئے تاہم دو سو کے قریب فیڈرز کو بحال کردیاگیا ہے جبکہ باقی پر کام جاری ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.