تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
13 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:18

سندھ بھر میں تباہ کن بارش،11افراد جاں بحق،حیدرآبادڈوب گیا

جنگ نیوز -


کراچی…سندھ بھر میں تباہ کن بارش نے تباہی مچا دی ہے،بارشوں سے11 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔حیدر آباد میں بارش کا پانی گھروں میں آجانے سے لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہو رہے ہیں۔سندھ کے بیشتر شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے،جس کے بعد آج متاثرہ اضلاع میں تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے ۔ حیدر آباد کی گلیاں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں،متعدد علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے اور شہری محصور ہو کر رہ گئے ہیں،کئی علاقوں سے لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہو رہے ہیں۔ لطیف آباد نمبر3میں گھروں میں پانی آجانے اور بجلی کی عدم فراہمی کیخلاف شہریوں نے احتجاج کیا اور آٹو بھان روڈ بلاک کردیا،پانی کے نکاس کا کام نہ ہونے کے برابر ہے۔مورو میں بارش کے دوران مختلف واقعات میں3خواتین جاں بحق اور12افراد زخمی ہوگئے۔نوشہرو فیروزکی سب جیل میں2سے 3 فٹ پانی جمع ہوگیا۔ دادوکی تحصیل جوہی میں کھیر تھر کے پہاڑی سلسلوں میں بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔کاچھو کے سیکڑوں دیہات زیرآب آگئے اور زمینی رابطے منقطع ہوگئے ہیں۔ ادھرمحکمہ آبپاشی کے مطابق گاج ندی میں پانی کی سطح خطر ناک حد 23فٹ تک پہنچ گئی،ندی میں27فٹ تک پانی کی گنجائش ہے۔گاوٴں کوٹ دینا اورگاوٴں باجھی میں گھروں کی چھتیں گرنے سے دو خواتین جاں بحق اور3بچے زخمی ہوگئے۔ٹنڈو محمد خان میں موسلادھار بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ ٹنڈو الہ یار کی تحصیل جھنڈومری کے بااثر زمینداروں نے اپنی زرعی زمینوں کو بچانے کیلئے مین سڑکوں پر شگافڈال دیئے جس کی وجہ سے سیکڑوں دیہات پانی میں ڈوب گئے، ٹھٹھہ میں مسلسل بارش کی وجہ سے ٹھٹھہ حیدر آباد قومی شاہراہ پہاڑی سلسلوں سے آنیوالے برساتی پانی میں ڈوب چکی ہے۔ سجاول پوسٹ آفس کے قریب17سالہ لڑکی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئی۔مکلی میں پناہ لئے جھڈو کے متاثرین رات بھر بارش میں بھیگتے رہے۔متاثرین کو اب تک نہ تو خیمے فراہم کئے گئے ہیں نہ ہی خوراک۔جامشورو میں مسلسل دس گھنٹوں کی بارش سے شہر کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔خیر پورمیں موسلادھار بارش سے نارااورکوٹ ڈیجی کے ندی نالوں میں طغیانی آگئی،جس کے بعد سانگھڑ نارا اور نارا کوٹ ڈیجی سڑکیں جگہ جگہ سے بہہ گئیں اور فصلیں تباہ ہوگئیں۔ ٹنڈو الہ یار اور نوابشاہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔میر پور خاص میں بھی رات گئے تک جاری رہنے والی بارش سے شہر کے اکثر علاقوں میں کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیاہے۔سانگھڑ میں موسلادھار بارش کے بعد سانگھڑ نوابشاہ روڈپر بھی تین سے چار فٹ پانی کھڑا ہے۔عمر کوٹ میں گزشتہ روز متاثرین نے ڈی سی او آفس میں ذخیرہ کی گئی خوارک کو حاصل کرنے کیلئے دھاوا بول دیا اور لوٹ مار کے دوران آفس میں توڑ پھوڑکی اور پتھراوٴ کیا۔پولیس کی ہوائی فائرنگ سے6خواتین سمیت15افراد زخمی ہوئے۔سانگھڑمیں کئی گھنٹوں کی بارش کے بعد مختلف واقعات میں2افراد ہلاک اور 2 خواتین سمیت 6افرادزخمی ہوگئے ہیں۔ادھر سکرنڈ میں کرنٹ لگنے سے باپ بیٹا جاں بحق ہوگئے۔زمینی رابطے منقطع ہونے کے باعث شہرمیں اشیائے خوردنوش کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔بدین کے شہر پنگریو میں موسلادھار بارش اور سیم نالے کا پانی آنے سے ہزاروں افراد شدید متاثر ہوئے ہیں۔شہر کے رہائشی علاقوں اور بازار میں چار سے پانچ فٹ پانی کھڑا ہے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.