13 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:29
بچوں کو شہریت نہ دینے کیلئے امریکی سفارتخانہ کو نوٹس بھجوایا، چودھری نثار
جنگ نیوز -
اسلام آباد…قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ان کی اہلیہ اور بچوں کی امریکی شہریت کے معاملے کی مخصوص لابی نے جان بوجھ کر تشہیر کی لیکن وکی لیکس کے اس حصے کا ذکر نہیں کیا جس میں کہا گیا تھا کہ چودھری نثار قوم پرست ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی حب الوطنی پر وہ لوگ انگلی اٹھا رہے ہیں جو گردنوں تک غیر ملکی طاقتوں کے سامنے بکے ہوئے ہیں۔پنجاب ہاوٴس اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے چودھری نثار نے کہا کہ انہوں نے اپنی تیس سالہ سیاست میں خاندان کو پروٹوکول اور اپنی سیاسی زندگی سے دور رکھا، ملکی مفاد کا کبھی سودا نہیں کیا لیکن اگر ان کی حب الوطنی اور ان کی دیانت داری پہ شک کیا جائیگا تو وہ بھرپور جواب دیں گے۔چودھری نثار نے کہا کہ انہوں نے جب شادی کی تو ان کی اہلیہ کے پاس پہلے ہی امریکی شہریت تھی اور خاندانی معاملات کی وجہ سے ان کے بچوں کو امریکی شہریت دلوا کر باہر بھیج دیا گیا تاہم انہوں نے اس وقت امریکی سفارتخانے کو قانونی نوٹس بھجوایا تھا کہ ان کے بچوں کو امریکی شہریت نہ دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی قوانین کے مطابق ماں ، باپ اپنے بچوں کے امریکی پاسپورٹس اس وقت تک کینسل نہیں کرا سکتے جب تک بچے جوان ہو کر خود فیصلہ نہ کریں۔چودھری نثارنے کہا کہ امریکا،بش کے دور سے پہلے تک پاکستان کا قریبی دوست رہا اور یہ بات وہ امریکی حکام اور ہر پلیٹ فارم پر کہتے رہے ہیں کہ بش کی مسلمان دشمن پالیسیوں کی وجہ سے امریکا کیخلاف تحفظات پائے جاتے ہیں۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار مرزا کے الزامات پر عدالتی کمیشن بننا چاہئے۔