13 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:29
حالیہ سیلاب کی بڑی وجہ نکاسی آب کا پرانا نظام ہے،ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی
جنگ نیوز -
کراچی …نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ملک میں حالیہ سیلاب کی بڑی وجہ نکاسی آب کا پرانا نظام ہے اور اگر اس سسٹم کو بہتر نہ بنایا گیا تو مستقبل میں بھی سیلاب آنے کا خدشہ موجود رہے گا۔ترجمان این ڈی ایم اے ارشاد بھٹی کا کہنا ہے کہ ملک کے 80 فیصد بڑے شہروں کا نکاسی آب کا نظام متروک ہو چکا ہے ، کراچی جیسے بڑے شہر کی سڑکوں،فلائی اوورز اور انڈر پاسز میں نکاسی آب کا کوئی نظام موجود نہیں۔ اسی طرح لاہور میں دو گھنٹے کی بارش کے بعد آدھا شہر پانی میں ڈوب جاتا ہے جبکہ پشاور میں نکاسی آب کا آدھا سسٹم کھلا ہے اور دس فیصد شہر میں سیوریج کا نظام ہی موجود نہیں۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق حیدر آباد،راولپنڈی اور ملتان میں بھی صورتحال مختلف نہیں ۔ ترجمان کے مطابق اگر ہنگامی طور پر تمام بڑے شہروں کانکاسی آب کا نظام درست نہ کیا گیا تو آیندہ سال مون سون کی بارشوں میں صورتحال زیادہ خطرناک ہو سکتی ہے۔