14 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 4:35
کراچی :کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ،گورنر سندھ کا شہر کا دورہ
جنگ نیوز -
کراچی ... کراچی سمیت سندھ میں مون سون بارشوں کا سلسلہ چوتھے روز بھی جاری ہے۔ کئی علاقوں میں سیوریج کا پانی بارش کے پانی کے ساتھ مل کر گھروں میں داخل ہوگیا جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ آج دوپہر تک اہم شاہراہوں پر جمع پانی کی نکاسی کا بندوبست کرلیا جائے گا۔کراچی میں آج شام تک بارش کاسلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔شہرمیں نکاسی آب کے ناقص نظام کے باعث صدر ٹاوٴن کے مختلف علاقوں میں سڑکوں پر کھڑے پانی میں گٹر کا پانی شامل ہوگیا۔ ڈی جے کالج اور ایس ایم لاء کالج کے قریب واقع رہائشی مکانوں کے سامنے ناقص نکاسی آب کے نظام کے باعث بارش کا پانی لوگوں کے گھروں میں بھر گیا، جس سے فرنیچر اور گھریلو سامان تباہ ہوگیا۔ جبکہ گھروں میں موجود انڈر گراوٴنڈ پانی کے ٹینک میں بھی گندا پانی بھر گیا۔ جس کے باعث رہائشیوں کو پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں رہا۔گورنرسندھ کاکہناہے کہ منتخب نمایندوں کے پاس زیادہ وسائل ہوتے ہیں ، اس وقت وہ وسائل نہیں، مگرجتنے وسائل ہیں ان کی مدد سے صورتحال پرقابو پالیاجائیگا۔گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے رات گئے شہری حکومت کے اہلکاروں کے ساتھ مختلف شاہراہوں اور علاقوں کا دورہ بھی کیا اور پانی کے نکاس کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ پانی کے نکاس میں پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاوٴن کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔بارش کے باعث کے ای ایس سی کے 1200 میں سے298 فیڈر ٹرپ کرگئے تاہم دو سو پچاس سے زائد فیڈرز کو بحال کردیاگیا ۔ شہر کے کچھ علاقوں کو کئی گھنٹوں کیلئے بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔ ایم اے جناح روڈ ، آئی آئی چندریگر روڈ، کھارادر، بھورا پیر،ڈیفنس ہاوسنگ اتھارٹی سمیت متعددعلاقوں میں سڑکوں پر اب بھی پانی کھڑا ہے۔ صدر ٹاوٴن کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے جہاں سڑکوں پر دو سے تین فٹ تک پانی کھڑا ہو گیا۔ بارش کے باعث ریلوے اور پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔