16 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 7:57
ڈینگی کے پھیلاوٴ کے ذمہ داروں کو نشان عبرت بنا دیا جائیگا،ہائیکورٹ
جنگ نیوز -
لاہور…لاہورہائی کورٹ کے چیف جسٹس اعجاز احمد چوہدری نے ریمارکس دئیے ہیں کہ اسپرے کی خریداری میں کرپشن محسوس ہوتی ہے،،عدالت انسانی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی،ڈینگی کے پھیلاوٴ کے ذمہ داروں کوعبرت کانشان بنادیا جائے گا۔ چیف جسٹس ہائی کورٹ نے سیکرٹری صحت پنجاب اور ڈی سی او لاہور کو ہدایت کی کہ وہ 23ستمبرتک تفصیلی جواب پیش کریں کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے کیا اقدامات کئے گئے ہیں۔عدالت نے کہا کہ سال کے شروع میں ڈینگی سے بچاوٴ کیلئے اسپرے کیا جانا چاہیے تھا مگر اسپرے کی خریداری یا تو ہوئی نہیں یا پھرصرف کاغذوں میں ہوئی ہے، دوران سماعت ایک وکیل اظہر صدیق نے استدعا کی گئی کہ ڈینگی کے پھیلاوٴ اور اس سے معصوم جانوں کی ہلاکتوں کے ذمہ دار افراد کیخلاف قتل کے مقدمات درج کرنے کاحکم دیا جائے،جس پر عدالت نے کہا کہ اگر ذمہ داری ثابت ہوگئی تو عدالت ایسے افرادکوعبرت کا نشان بنا دے گی،سیکرٹری صحت نے عدالت میں بتایا کہ پنجاب میں پانچ ہزارسے زائد ڈینگی کے مریض زیرعلاج ہیں،، عدالت نے کیس پر کارروائی 23ستمبرتک ملتوی کردی۔