16 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 12:8
مصرنے اسرائیل کیساتھ کیمپ ڈیوڈمعاہدے میں تبدیلی کا عندیہ دیدیا
جنگ نیوز -
قاہرہ…جنگ نیوز…مصر کے نگراں وزیر اعظم ڈاکٹرعصام الشرف نے کہا ہے کہ اسرائیل کیساتھ طے پانے والا کیمپ ڈیوڈامن معاہدہ مقدس دستاویزنہیں کہ اس پر بات نہ کی جا سکے،معاہدے کی کئی دفعات پرنظرثانی کی جاسکتی ہے ، معاہدہ خطے کے مفاد اور امن عمل کوآگے بڑھانے کے لیے کیا تھا، ضرورت پڑی توتبدیلی کی جائے گی۔جمعہ کو ایک ترک ٹی وی کو انٹرویودیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انقرہ اور قاہرہ کے اشتراک سے کئی ترقیاتی منصوبے روبہ عمل ہیں تاہم دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلق کی ایک اہم بنیاد خطے میں امن وامان کے لیے اقدامات اور تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کرنا جیسا مشترکہ مقصد بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ افریقی ممالک، ترکی اور مصر کے اس ٹرائیکا کے باہمی تعلقات سے تعمیر وترقی کے نئے باب کھلیں گے اور دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید گہرے، دور رس اور مضبوط ہوں گے۔ایک دوسرے سوال کے جواب میں نگراں مصری وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت افریقی ممالک کے ساتھ پانی سمیت تمام تنازعات کا فوری اور دیرپا حل چاہتی ہے۔ مصر کے افریقی ممالک سے سرحدی تنازعات کے حل میں بھی ترکی اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عصام الشرف نے کہا کہ مصرمیں ما بعد انقلاب حالات ٹھیک نہیں ہو سکے،ہمیں داخلی سطح پر خود کو مضبوط کرنا ہے کیونکہ انقلاب نے مصری عوام کو کئی حوالوں سے متاثرکیا ہے۔ ہم نے دیکھنا ہے کہ ایسا کوئی قدم نہ اٹھایا جائے جو انقلاب کے ثمرات کو ضائع کر دے۔ انہوں نے توقع ظاہرکی کہ مصری عوام انقلاب کے بعد درپیش مشکلات سے جلد باہر آ جائیں گے۔