17 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 4:55
لاہور : ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ
جنگ نیوز -
لاہور ... لاہور میں ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ہسپتالوں میں ڈاکٹرصرف تشویش ناک مریضوں کو داخل کرنے پر توجہ دے رہے ہیں جبکہ دیگر مریضوں کو صرف دوائی لکھ کر ٹرخا یا جارہا ہے۔ محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق شہر میں ڈینگی مریضوں کی تعداد پانچ ہزار تین سو چوالیس تک جا پہنچی ہے جبکہ اب تک پچیس افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ڈینگی کے مریضوں کو علاج کی بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ہسپتالوں میں خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔لیکن ڈینگی کے مریضوں میں مسلسل اضافہ کے باعث ہسپتالوں میں علاج کے لیے کیے جانے والے اقدامات کم پڑتے نظر آرہے ہیں۔ ڈینگی مریض اب اس بات کا گلہ کر رہے ہیں کہ مرض کی تصدیق ہونے کے باوجود ڈاکٹرانہیں ہسپتال میں داخل نہیں کرتے اور صرف دوائی لکھ کر ٹرخا دیا جاتا ہے۔دوسری جانب ڈاکٹر وں کا کہنا ہے انہوں نے سرکاری ہسپتالوں میں حکومت کی ہدایت پر اضافی اقدامات کیے ہیں اور زیادہ سے زیادہ ڈینگی کے مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جس تیز رفتاری سے لاہور میں ڈینگی کے مریضوں کی تعدادمیں اضافہ ہورہا ہے، اس کے مقابلے میں شہرکے ہسپتالوں میں کیے جانے والے اقدامات ناکافی نظرآتے ہیں ، حالات کو قابو سے باہر ہونے سے بچانے کے لیے حکومت کو مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔