18 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 12:56
وزیراعظم نے ضلع تھرپارکر کو آفت زدہ علاقہ قرار دیدیا
جنگ نیوز -
مٹھی …جنگ نیوز… وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ضلع تھرپارکر کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو پاکستان کارڈ کے تحت 20 ہزار روپے دیئے جائیں گے، عالمی برادری مشکل وقت میں ہماری مدد کرے، تھرپارکر میں ہندو برادری کی اکثریت ہے اور وہ بھی ہمارے بھائی ہیں، امید ہے متاثرین جلد اپنے گھروں کو واپس جائیں گے۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو یہاں ضلع تھرپارکر میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے قائم کئے گئے ریلیف کیمپوں، میڈیکل کیمپوں اور نوکوٹ قلعے کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم ان ریلیف کیمپوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انہیں متاثرین سیلاب کو دیکھ کر انتہائی دکھ اور افسوس ہوا ہے، تھرپارکر کے علاقے میں بارش اور سیلاب سے بہت سارے لوگ بے گھر ہوئے ہیں، قدرتی آفت کو کوئی بھی نہیں روک سکتا تاہم جو لوگ بے گھر ہوئے ہیں ان کے نقصان کو پورا کرنے کیلئے حکومت تمام کوششوں کو یقینی بنائے گی۔ وزیراعظم نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بارش اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی میں پاکستان کی حکومت کا ساتھ دیں۔ وزیراعظم نے متاثرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت آپ غریب عوام کی حکومت ہے، جو ان کی ہر ممکن مدد کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متاثرین کی مدد کیلئے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے خوراک، ادویات، امدادی اشیاء اور دیگر ضروری سازو سامان فراہم کریں۔ وزیراعظم نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ متاثرین بارش و سیلاب کی مدد کیلئے آگے بڑھیں