19 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 10:34
صدراور وزیراعظم کی جانب سے کراچی خودکش حملے کی مذمت
جنگ نیوز -
اسلام آباد…جنگ نیوز…صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم سیدیوسف رضاگیلانی اور وزیر داخلہ رحمن ملک نے کراچی میں ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے گھر کے باہر ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں انہوں نے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے اپنے پیغام میں پیر کی صبح ہونیوالے دھماکے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے عسکریت پسندی اور دہشت گردی کے خلاف حکومتی عزم کو کمزور نہیں کرسکتے۔ انہوں نے صوبائی حکومت کو دہشت گردی کے اس واقعہ کی جامع تحقیقات کرنے اور سیکورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور ان کے لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اپنے پیغام میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے عسکریت پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے تک جدوجہدجاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو ہر ممکن طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ رحمن ملک نے کراچی بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایسی بزدلانہ کارروائیاں کرنے والوں کو اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ کراچی کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرنے والے یہ جان لیں کہ رینجرز اور ایف سی شہر میں امن کے قیام کیلئے کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ وزیر داخلہ نے ایس ایس پی چوہدری اسلم سے ٹیلی فون پر بات چیت کرکے ان کی خیریت دریافت کی ۔