21 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 9:24
ڈینگی کا وائرس پنجاب سے نکل کر ملک کے دیگر حصوں میں پہنچ گیا
جنگ نیوز -
پشاور… ڈینگی وائرس پنجاب کی حدوں سے نکل کر اب ملک کے دیگر حصوں میں بھی پھیل رہا ہے۔ خیبرایجنسی میں دو نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ بلوچستان کے علاقے جعفرآباد میں بھی ڈینگی بخار کے شبے میں ایک لڑکے کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ سرگودھا میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔سرگودھا کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹراسپتال میں مزید 2 جبکہ نجی اسپتالوں میں 4 مریض داخل کئے گئے ہیں جن میں ڈینگی بخار کی تصدیق ہوئی ہے۔ جس کے بعد ضلع بھر میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 99 سے بڑھ کر 105 تک جاپہنچی ہے۔ ڈی سی او سرگودھا نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے تمام ہوٹل مالکان اور پرائیوٹ اسکولوں میں فوری طور پر ڈینگی اسپرے اور 7 روز کے لئے ضلع بھر میں گاڑیاں دھونے والے سروس اسٹیشنز بند کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ فیصل آباد کے ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹرعبدالروٴف کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران الائیڈ اسپتال میں 18 اور سول اسپتال میں ڈینگی کے 2 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس وقت الائیڈ اسپتال میں ڈینگی وائرس میں مبتلا 67 اور سول اسپتال میں 8 مریض زیر علاج ہیں۔ بہاول پور کے وکٹوریہ اسپتال میں زیر علاج 11 جبکہ بہاول نگر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں 10 مریضوں میں ڈینگی بخار کی تصدیق کی گئی ہے۔ رحیم یارخان کے شیخ زید اسپتال میں ڈینگی بخار کے 8 مریض زیر علاج ہیں۔ جبکہ آج مزید 4 مریض داخل کرائے گئے ہیں جن میں ڈینگی بخار کی علامات پائی جاتی ہیں۔ ہری پور میں ڈینگی بخار کے مزید 2 مریض داخل کرائے گئے ہیں جس کے بعد ضلع بھر میں ڈینگی وائرس میں مبتلہ مریضوں کی مجموعی تعداد 18 ہوگئی ہے۔ ادھر خیبرایجنسی میں بھی ڈینگی بخار میں مبتلا 2نئے مریض داخل کرائے گئے ہیں۔ ایجنسی بھر میں اس وقت ڈینگی وائرس میں مبتلا 4مریضوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ بلوچستان میں جعفرآباد کے علاقے شاہی چوکی کے 14 سالہ رہائشی غلام یاسین کو ڈینگی بخار کے شبہمیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔