22 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 12:9
حقانی نیٹ ورک سے رابطوں کاالزام غلط ہے، دفتر خارجہ پاکستان
جنگ نیوز -
اسلام آباد…دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ حقانی نیٹ ورک سے رابطوں کا الزام غلط ہے، پاکستان حقانی نیٹ ورک کے ذریعے امریکا کے خلاف کوئی پراکسی وار نہیں لڑ رہا۔ترجمان دفتر خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ پاکستان اور امریکہ باہمی اعتماد کا رشتہ قائم رکھنا چاہتے ہیں، اور یہ دونوں کے لئے ضروری ہے۔ اس سوال کے جواب میں کہ کیا حقانی نیٹ ورک پاکستان میں موجود ہے، ترجمان نے کہا کہ یہ سوال دفترخارجہ کے دائرہ کار میں نہیں آتا۔ وزیر خارجہ کے دورہ امریکہ کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ پاک امریکا وزرائے خارجہ نے تمام مسائل پر بات چیت کی ہے، پاکستان اور امریکا نے مل کر کام کرنے اور ایک دوسرے کے خدشات دور کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے امریکا کے ساتھ سرحد کے دوسری جانب دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں اور وہاں سے ہونے والے حملوں کا معاملہ بھی اٹھایا۔