23 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:59
کے ای ایس سی،ایس ایس جی تنازع،شہری 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ بھگتنے پر مجبور
جنگ نیوز -
کراچی…کے ای ایس سی اورسوئی سدرن گیس کمپنی کے تنازع کی چکی میں پسنے والے کراچی کے شہری دس گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ برداشت کرنے پرمجبور ہیں۔ترجمان کے ای ایس سی کے مطابق گیس کمپنی کی جانب سے مزیدگیس میں کمی پر لوڈشیڈنگ میں بھی مزیداضافہ کردیاجائے گا اور اس صورتحال میں صنعتی زون کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ نہیں رکھا جاسکے گا۔ کے ای ایس سی کی جانب سے شہرکے رہائشی اور تجارتی علاقوں میں پانچویں روز بھی 10گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ترجمان کے ای ایس سی کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی سے180ملین مکعب فٹ گیس فراہم کی جارہی ہے،تاہم اس کاپریشربہت کم ہے اورگیس پریشر میں کمی کے باعث متعدد پیداواری یونٹ اپنی مکمل صلاحیت پرکام نہیں کررہے۔کے ای ایس سی کے کئی بجلی گھر بندہورہے ہیں۔ترجمان کے مطابق سوئی سدرن نے گیس پریشرمیں اضافے کی بجائے 20مکعب ملین فٹ مزیدکم کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔ان کاکہنا ہے کہ اگرمزیدکم کی گئی تو لوڈشیڈنگ میں بھی مزیداضافہ کردیا جائیگااور پھر صنعتی زون میں بھی لوڈشیڈنگ کا خدشہ ہے۔ترجمان کے ای ایس سی کے مطابق گیس کی مقدار اورپریشر میں اضافے کے بعد لوڈشیڈنگ میں کمی ممکن ہے۔کے ای ایس سی انتظامیہ نے وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم سے مسائل حل کرنے میں اپنا کردار اداکرنے کی اپیل کی ہے۔