25 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 12:0
خود مذکرات ، ہم سے آپریشن کا مطالبہ امریکہ کا دوغلاپن ہے، امیر مقام
جنگ نیوز -
پشاور…پاکستان مسلم لیگ ق خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ امریکہ خود طالبان سے مذاکرات کر رہا ہے اور پاکستان پر آپریشن کے لئے دباوٴ ڈال رہا ہے جو دوغلی پالیسی ہے۔پشاور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو توڑنے کی سازش میں مصروف ہے۔ حکمران ڈالروں کی خاطر پاکستان کو امریکہ کے ہاتھ فروخت نہ کریں، پاک فوج نے ہمیشہ ملکی مفادات کا تحفظ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ملک سے بھاگنے کا نہیں بلکہ ملک میں رہ کر اس کی سا لمیت کی حفاظت کرنے کا ہے۔امیر مقام کا کہنا تھا کہ درویشوں اور سرخ پوشوں نے خیبر پختونخوا کے عوام کو کچھ نہیں دیا۔ عوام دونوں سے مایوس ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سوئس بینکوں میں پڑی 97 ارب ڈالر کی رقم واپس لائے تو ہمیں کسی سے بھیک مانگنے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور قومی اتحاد کو بھی فروغ ملے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے نگہت اورکزئی نے کہا کہ امریکہ ہمیں آنکھیں دکھانے سے باز رہے۔ پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام پاک فوج کی پشت پر ہیں۔