تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
26 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 4:50

سندھ: بارش سے متاثرہ علاقے بیماریوں کی آماجگاہ بن گئے

جنگ نیوز -


بدین ... سندھ میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں گندا پانی مچھروں اور دیگر بیماریوں کی آماجگاہ بن چکا ہے جس کے باعث متاثرین میں ملیریا سمیت مختلف پیٹ کی بیماریاں پھیلنے لگی ہیں۔ضلع بدین تاحال پانی میں ڈوبا ہوا ہے جہاں متاثرین انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ خوراک کی شدید کمی ہے جبکہ طبی سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے بڑی تعداد میں خواتین اور بچے مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔سانگھڑ شہر میں گندے پانی اور مردہ جانوروں کے باعث تعفن اٹھ رہا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوکر رہ گئی ہے۔میرپورخاص ،جھڈو، ٹنڈو جان محمد اور نوکوٹ میں 18 دن گزرنے کے بعد بھی بارش کا پانی نہیں نکالا جاسکا ہے۔ میرپورخاص کی کئی آبادیاں اور سرکاری دفاتر بھی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ شاہراہیں زیرآب آنے سے کئی علاقوں کا آپس میں زمینی رابطہ منقطع ہے۔نوابشاہ کی تحصیل دوڑ، قاضی احمد اور دولت پور کے کئی علاقوں کا حال بھی کچھ مختلف نہیں جہاں گندے پانی کی وجہ سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔لاڑکانہ کے کئی علاقوں میں بھی بارش کا پانی اور کیچڑ جمع ہے۔ ادھر حیدر آباد کے نواحی علاقوں سے اب تک بارش کے پانی کی مکمل نکاسی نہیں ہوسکی ہے جس کی وجہ سے مختلف بیماریوں نے جنم لینا شروع کردیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.