26 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:12
پنجاب میں ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد 101 ہوگئی
جنگ نیوز -
لاہور…چیچہ وطنی میں ڈینگی سے متاثر ایک اور شخص چل بسا ہے جس کے بعد پنجاب میں ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد ایک سو ایک ہو گئی ہے جبکہ دس ہزار سے زیادہ افراد اس وائرس میں مبتلا ہیں۔ اسپتالوں میں ڈینگی بخار کے شعبے میں آنے والوں کا رش جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر شہر میں 18 ایئر کنڈیشنڈ فیلڈ اسپتال بھی قا ئم کر دیے گئے ہیں۔پنجاب میں ڈینگی مریضوں کی تعداد دس ہزار دو سو سولہ جبکہ لاہور میں نو ہزار ایک سو اڑتالیس ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں قدم بڑھاو ڈینگی مکاو مہم کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔تعلیمی اداروں میں ڈینگی سے متعلق سیمینار کرانے اور تمام ایم پی ایز کو اپنے حلقوں میں صفائی کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔وزیر اعلی کے حکم پر لاہور کے چھ سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے علاج کے لیے انتہائی حساس یونٹ بنا دیے گئے ہیں۔اس مقصد کے لئے اسپتالوں کو دو، دو کروڑ روپے بھی دیے گئے ہیں۔ ادھرسرکاری اسپتالوں میں ڈینگی بخار کے شعبے میں آنے والے مریضوں کی تعداد میں کمی نہیں آ رہی۔ رش کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔عالمی ادارہ صحت کی ایک ٹیم بھی پاکستان پہنچ گئی ہے جو پنجاب میں ڈینگی سے بچاو کیلئے اقدامات اور حکمت عملی ترتیب دے گی۔