29 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 16:26
احتیاطی تدابیراختیار کرکے عارضے قلب سے بچا جاسکتا ہے،طبی ماہرین
جنگ نیوز -
اسلام آباد…طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا کی ایک تہائی آبادی دل کی بیمایوں کے باعث ہرسال جان کی بازی ہارجاتی ہے۔اگر احتیاطی تدابیر اختیارکی جائیں تو دل کے عارضے سے بچاجاسکتاہے۔عالمی یوم قلب کے حوالے سے سیمینارسے خطاب میں پولی کلینک اسپتال اسلام آباد کے شعبہ امراض قلب کے سربراہ ڈاکٹر شہباز قریشی نے اس موقع پر اپنے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ سترفیصد سے زائد ھارٹ اٹیک اور پیچیدگیاں گھروں میں ہوتی ہیں جن سے احتیاطی تدابیر کے ذریعے بچاجاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سگریٹ نوشی ترک کرکے اور ورزش کو اپنا شعاربنا کر امراض قلب سے باآسانی چھٹکارا حاصل کیاجاسکتا ہے۔ماہر امراض قلب پروفیسرشوکت کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں دل کی بیماریوں کا علاج انتہائی مہنگا ہوتا ہے۔ لہذا احتیاط او ربیماری کے بارے میں آگاہی پھیلا کردل کے اسی فیصد امراض کی روک تھام کی جاسکتی ہے۔