29 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 20:41
امریکی الزامات مسترد،برابری کے تعلقات چاہتے ہیں،اے پی سی
جنگ نیوز -
اسلام آباد…آل پارٹیز کانفرنس میں شامل تمام جماعتوں نے مشترکہ قرار داد پر اتفاق کرتے ہوئے امن کو ایک موقع دینے پر اتفاق کیا ہے اور قومی پالیسی کا ازسرنو جائزہ لینے پر بھی اتفاق کیا،کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔وزیراطلاعات فردوس عاشق اعوان نے رات گئے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان برابری کی سطح پر تمام ممالک سے اچھے تعلقات چاہتا ہے۔انھوں نے کہا کہ تمام جماعتوں نے قومی مفاد کے تحت متفقہ قرارداد منظور کی ۔انھوں نے کہا کہ آئی ایس آئی کے سربراہ جنرل شجاع پاشا نے تمام شرکاء کے ہر سوال کا جواب دیا،انھوں نے کہا کہ آئی ایس آئی چیف نے شرکاء کو بتایا کہ آئی ایس آئی کا حقانی نیٹ ورک سے کوئی تعلق نہیں، انھوں نے کہا کہ تمام جماعتوں نے امریکی الزامات کو مسترد کردیاہے۔انھوں نے کہا کہ اجلاس کے شرکاء کو وزیرخارجہ حنا ربانی کھر نے صورتحال پر مکمل بریفنگ دی اور اپنے حالیہ دورہ امریکا کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔اس موقع پر تمام جماعتوں کے رہنماؤں نے اپنی اپنی جماعتوں کا موقف پیش کیا اور تجاویز دیں۔قرار داد کے تمام نکات اتفاق رائے سے طے کیے گئے۔معلوم ہوا ہے کہ قرار داد بابر اعوان، اسفندیارولی، عمران خان اور چوہدری نثار علی خان نے ملکر تیار کی۔انھوں نے کہا کہ کانفرنس کا ون پوائنٹ ایجنڈا تھا۔جبکہ اس خواہش کا بھی اظہار کیا گیا کہ پارلیمنٹ اور اے پی سی کی قراردادوں پر عمل ہوناچاہیے۔انھوں نے کہا کہ شرکاء نے کہا کہ پاکستان کو امداد نہیں بلکہ تجارت سے آگے بڑھانا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ کانفرنس کے تمام شرکاء اس بات پر متفق تھے کہ مذاکرات ہونے چاہئیں۔