1 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 3:28
ملک بھر میں لوڈشیڈنگ، بجلی کی قلت 7ہزار میگاواٹ تک پہنچ گئی
جنگ نیوز -
لاہور ... ملک میں بجلی کی قلت 7ہزار میگاواٹ کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں اور پشاور میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ،شہری بغیر بجلی کے رات گزارنے پر مجبور ہیں۔لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں راولپنڈی ،قصور ساہیوال ،جہلم ،سیالکوٹ سمیت دیگر شہروں کے مختلف علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہے، ریسکو حکام کے مطابق نیشنل سینٹر اسلام آباد براہ راست لاہورکے گرڈ بندکررہاہے، لیسکو کا شارٹ فال 1300 جبکہ ملک میں سات ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ہے، لاہور میں بارہ سے چودہ گھنٹے جبکہ پنجاب کے دیگر شہروں میں 18سے 20 گھنٹے تک بجلی کی بندش جاری ہے۔ لاہور کے علاقوں علامہ اقبال ٹاون، جوہر ٹاون، جعفر کالونی،کینٹ ،شاہدرہ، ائرپورٹ سے ملحقہ علاقے، کوٹ لکھپت اندرون شہر اور دیگر علاقوں میں کئی کئی گھنٹوں جاری رہنے والی لوڈ شیڈنگ کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ،راولپنڈی میں کینٹ ایریا ،افشاں کالونی ،ڈھوک چودھریاں ،آر اے بازار، بکرامنڈی اورپیپلز کالونی سمیت ملحقہ علاقوں میں کئی گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے ،پنجاب کے دیگر شہروں سیالکوٹ، سیاہیوال،جہلم اور قصور کے مختلف علاقوں میں بھی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کا گیس کی فراہمی میں اضافے کے بعد رہائشی اور تجارتی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرکے 3سے 6 گھنٹے کرنے کے دعوے کے باوجود کراچی کے شہری چھ سے آٹھ گھنٹے لوڈشیڈنگ کا عذاب سہنے پر مجبور ہیں۔شہر کے بعض علاقوں میں رات کو بجلی غائب ہوجانے سے شہریوں کو رات جاگ کرگزارنا پر مجبور ہیں،متاثرہ علاقوں میں گلستان جوہرکے مختلف علاقے، ملیر ، سعود آباد،نیوٹاون،گارڈن کے علاقے شامل ہیں۔ ترجمان کے ای ایس سی کے مطابق گیس کی فراہمی میں مزید بہتری آنے پر لوڈشیڈنگ میں اور کمی کا امکان ہے۔ادھر پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے پشاور کے شہری علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بارہ سے چودہ گھنٹے اور دیہی علاقوں میں بیس گھنٹوں تک جا پہنچا۔