3 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 10:33
ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کیخلاف ہنگامے پھوٹ پڑے، پرتشدد احتجاج
جنگ نیوز -
لاہور…ملک بھرمیں طویل لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس نے شہریوں کے دن کا سکون اور رات کی نیندیں غارت کر رکھی ہیں۔گوجرانوالہ میں مشتعل شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ہنگامہ آرائی کے دوران ڈی ایس پی ،ایس ایچ او سمیت 5افرادزخمی ہوگئے۔فیصل آباد میں لوڈشیڈنگ کے خلاف سمندری روڈ پر شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دے کر روڈ بلاک کردی۔انجمن تاجران کی اپیل پر شہر میں مکمل شٹرڈاوٴن ہے۔گوجرانوالہ میں بھی بجلی کی بندش پر نارا ض شہری سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کررہے ہیں، مظاہرین نے جعفر ایکسپریس پر پتھراوٴ کیا اورواپڈا کی گاڑی کو آگ لگادی،مظاہرین بعدازں گیپکو آف کا گھیراوٴ کرلیا اور دفتر میں کھڑی تین سرکاری گاڑیوں کو نذرآتش کردیا، اسی دوران بینکوں کے شیشے توڑ دیئے گئے،پتھراوٴ سے ڈی ایس پی قیوم گوندل اورایس ایچ او سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔پنجاب کے دیگر کئی شہروں میں بھی احتجاج کیاجارہاہے۔جنوبی پنجاب میں ملتان سمیت ڈیرہ غازی خان، بہاول پور، لیہ، لودھراں ، خانیوال اور وہاڑی میں طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ جھنگ، چنیوٹ، بھوانہ، سرگودھا ، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ میں مجموعی طور پر 14 سے 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر کر رکھے ہیں۔ فیصل آباد کے شہری طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف آج پھر سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔کراچی میں بھی دس سے بارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف مقامات پر عوامی احتجاج کیا گیا۔شمالی بلوچستان کے علاقوں چمن، پشین ، لورالائی اور ژوب سمیت مختلف شہری علاقوں میں 15 جبکہ دیہی علاقوں میں 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔نصیرآباد ، جعفرآباد اور جھل مگسی میں لوڈشیڈنگ کا مجموعی دورانیہ 16سے 18 تک ہے۔ صورتحال کے باعث سیکڑوں رائس ملیں بند ہوگئی ہیں جہاں روزانہ اجرت پر کام کرنے والے ہزاروں مزدور بے روزگار ہوگئے ہیں۔سندھ میں حیدرآباد، جامشورو، ٹنڈوالہ یار، ٹنڈو محمد خان ، مٹیاری ، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، نواب شاہ، خیرپور، میرپورخاص اور گھوٹکی کے شہری علاقوں میں کم از کم 10 سے 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ جبکہ دیہی علاقوں میں محض چند گھنٹے بجلی فراہم کی جاتی ہے۔خیبرپختونخوامیں مالاکنڈڈویڑن، کوہاٹ ڈویڑن اور ہزارہ ڈویڑن سمیت فاٹا کے تمام علاقے بھی لوڈشیڈنگ سے بری طرح متاثر ہیں۔ جہاں مجموعی طور پر لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 سے 16 گھنٹے تک ہے۔ باجوڑ اور مہمند ایجنسی کے کئی علاقوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ خیبرایجنسی کے لنڈی کوتل بازار میں تاجروں اور مقامی قبائل نے لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ایجنسی بھر میں گزشتہ 4 روز سے مسلسل بجلی غائب ہے جس کی وجہ سے عوام سخت ذہنی اذیت کا شکار ہیں،بنوں میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔