4 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 15:47
قومی اسمبلی:لوڈشیڈنگ اورپٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے پر بحث
جنگ نیوز -
اسلام آباد…قومی اسمبلی میں لوڈشیڈنگ اورپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر بحث کے دوران مسلم لیگ ق کے امیر مقام نے اپنی پارٹی کی حکومت سے علیحدگی کا مطالبہ کر دیا۔ ن لیگ کے خواجہ سعد رفیق کا کہناہے کہ پنجاب میں مرنے والوں کا خون وفاقی حکومت کے سر ہے، کرپٹ حکومت کیخلاف تحریک نجات ضروری ہوگئی، اسی ماہ حکومت سے نمٹا جائیگا۔وفاقی وزیر سید نوید قمر کی تحریک پر ایوان میں توانائی بحران اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر بحث کے دوران مسلم لیگ ق کے امیر مقام نے اپنی جماعت کے حکومتی اتحاد سے الگ ہونے کا مطالبہ کردیا اور کہاکہ مسلم لیگ ق ، عوام سے بے عزتی برداشت کر رہی ہے ،حکومت جان بوجھ کر لوڈشیڈنگ ختم نہیں کررہی ،اور اب وہ خود عوام کو احتجاج کے لیے باہرنکالیں گے۔ بحث میں حصہ لیتے ہوئے سعد رفیق نے کہاکہ پیپلزپارٹی بے نظیر کی جماعت نہیں بلکہ کرپٹ ڈان کے ٹولے کی صورت میں ملک پر مسلط ہے ، لوگوں کو ذہنی اذیت دی جارہی ہے، بجلی ہے نہ گیس ہے اور نہ دیگر سہولیات،بھوکا ننگا آدمی باہر آکر توڑ پھوڑ نہیں تو اور کیاکریگا۔انہوں نے کہاکہ عوام سول نافرمانی کی طرف بڑھ رہے ہیں،جس کی ذمہ دار پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، اب ،ایوان صدر اور وزیراعظم خالی کرانے کا وقت آن پہنچا ہے اور اب احتجاج ایوان صدر کے سامنے ہوگاکوئی روک سکتاہے تو روک لے۔ اس موقع پر توانائی بحران، بدامنی کے خلاف قومی اسمبلی سے مسلم لیگ ن اور ایم کیوایم اور مسلم لیگ ہم خیال کے ارکان نے واک آوٴٹ کیا۔ پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی جمشید دستی نے خواجہ سعد رفیق کے الزامات پر جوابی خطاب میں کہاکہ ڈینگی وائرس پھیلنے کی وجہ نوازشریف اور شہباز شریف ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ شہباز شریف نے اب تک ڈینگی کے نام پر38ارب روپے کی کرپشن کی ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس اب کل صبح دس بجے ہوگا۔