4 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 15:58
کالعدم تنظیموں کیخلاف بلوچستان میں کارروائی کی جائے،رحیم جعفری
جنگ نیوز -
کراچی...تحفظ عزاداری کونسل کے مرکزی چیئرمین رحیم جعفری نے کوئٹہ میں بے گناہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے بلوچستان میں گورنر راج کے نفاذ اورفوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی کے واقعات تسلسل کے ساتھ جاری ہیں اور ملت جعفریہ کے 500سے زائد افراد کو ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے جس میں ڈاکٹر ، وکلاء ،سیاسی رہنما اور عام شہری شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جائے اور دہشت گردوں کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے تک لایا جائے ۔جب کہ بلوچستان میں ملت جعفریہ کے بے گناہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ پر قبائلی رہنماوں کی خاموشی معنی خیز ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا ، بھارت ، اسرائیل ایک مذموم سازش کے تحت بلوچستان میں فرقہ وارانہ دہشت گردی کے ذریعے برادر اقوام کو آپس میں دست و گریبان کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں جنہیں اپنے مذموم مقاصد میں کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ واقعہ پر 3روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے رحیم جعفری کا کہنا تھا کہ عوام اور ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پرامن احتجاج ریکارڈ کرائیں۔