4 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 19:34
پاکستان میں کسی کوگرفتارکرنے کیلئے درخواست نہیں کی ،لندن پولیس
جنگ نیوز -
لندن...برطانیہ میں کاوٴنٹرٹیررازم کمانڈکے کمانڈررچرڈ والٹن نے کہا ہے کہ پولیس عمران فاروق قتل کیس میں کئی خطوط پرکام کررہی ہے،پاکستان میں کیس سے متعلق کسی کو گرفتارکرنے کیلئے کوئی درخواست نہیں کی گئی۔کمانڈررچرڈ والٹن نے یہ بات برطانیہ میں دارالامرا کے رکن لارڈ نذیر احمد کی جانب سے لکھے گئے خط کے جواب میں کہی ہے۔ اپنے مراسلے میں انہوں نے کہا کہ پولیس عمران فاروق قتل کیس میں کئی خطوط پرکام کررہی ہے اور پولیس نے مشتبہ افراد کی شناخت میں مدد کیلئے کئی اپیلیں کی ہیں۔ کمانڈررچرڈ والٹن کا کہنا ہے کہ سراغ رساں عمران فاروق قتل کیس سے متعلق آنیوالی میڈیا رپورٹس کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کر رہے ہیں، گرفتاریوں سے متعلق کچھ رپورٹس غلط ثابت ہوچکی ہیں، کاوٴنٹرٹیررازم کمانڈ کے سربراہ نے کہا کہ وہ اگست میں تین گرفتاریوں اور دو سرچ آپریشن کرنے کی تردید کرتے ہیں ۔ اس کے علاوہ پاکستان میں بھی کسی کو گرفتارکرنے کیلئے کوئی درخواست نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے اپنی پریس کانفرنس میں پولیس کی جانب سے کسی خطرے کا الزام نہیں لگایا۔