4 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 19:45
افغانستان سے تعاون جاری رہے گا، من موہن کو کرزئی کو یقین دہانی
جنگ نیوز -
نئی دلی...بھارت اورافغانستان کے درمیان اسٹریٹجک معاہدے پردستخط کردیئے گئے۔بھارتی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ بھارت کاتعاون جاری رہے گا۔نئی دلی میں ہونیوالی تقریب میں بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ اورافغان صدرحامدکرزئی نے دستخط کیے،دونوں ملکوں کے درمیان 3مزید معاہدوں پربھی دستخط کیے گئے۔بھارتی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسٹریٹجک معاہدے سے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھے گا۔انھوں نے بھارت اورافغانستان کی معاشی ترقی کو خطے کی معاشی ترقی کیلئے ناگزیرقرار دیا۔سابق صدر ربانی کے قتل پر بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کا کہنا تھا کہ افغان عوام طویل عرصے سے دہشت گردی کاسامناکررہے ہیں اور پروفیسرربانی کاقتل افغانستان کیلئے بڑا دھچکا ہے۔ انھوں نے خطے کے ممالک کوبدامنی کے خاتمے کیلئے اقدامات کرنے پر زور دیا۔اپنے خطاب میں افغان صدر حامد کرزئی کا کہنا تھا کہ بھارت افغانستان معاہدے سے معاشی خوشحالی آئیگی۔انھوں نے بتایا کہ بھارت نے افغانستان کے ساتھ مزیدتعاون کاوعدہ کیا ہے۔افغان صدر کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ نے افغانستان میں بنیادی ڈھانچے کی بحالی میں بہت مددکی۔حامدکرزئی نے بتایا کہ بھارت افغان طلبہ کو اسکالر شپ دیگاجس سے ان کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ دہشت گردی کے موضوع پر افغان صدر نے کہا کہ افغانستان دہشتگردی اورانتہاپسندی کیخلاف ہے۔ انھوں نے واضع کیا کہ بھارت افغانستان کی تعمیرنواورخطے میں قیام امن کاخواہاں ہے۔ انھوں نے خطے میں امن،خوشحالی اوربرداشت کی حمایت کا یقین دلایا۔