تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 3:29

امریکا میں ترقی کیلئے معاشی اصلاحات لانا ہوں گی ،اوباما

جنگ نیوز -


ڈیلس ، ٹیکساس ... راجہ زاہد اختر خانزادہ ... امریکی صدر بارک اوباما نے کہاہے کہ ان کا اسپانسرکردہ بل اگر کانگریس اور سینیٹ سے پاس ہوجاتا ہے تو ہم دوبارہ سے امریکہ کو خوابوں کی جنت بناسکیں گے۔ امریکن جاب ایکٹ کے تحت صرف ریاست ٹیکساس میں 40 ہزار ٹیچروں کی خالی آسامیاں پیدا ہوں گی۔ وہ آج ڈیلس کے شہر مسکیت کے کمیونٹی کالج میں اپنی پارٹی کے اراکین اور طالب علموں سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی معاشی صورتحال کے سبب ہم بین الاقوامی سطح پر آگے بڑھنے کے بجائے پیچھے جارہے ہیں اور امریکہ اب دیگرممالک کا مرہون منت ہوتا جارہا ہے جس کے سبب دنیا کے دیگر ممالک دنیا کا رہبر بننے کا سوچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ہمیشہ لیڈر رہا ہے اور آئندہ بھی اپنی قائدانہ صلاحیتیں دنیا بھر میں برقرار رکھنے کے سلسلے میں معاشی اصلاحات لانا ہوں گی تاکہ یہاں معاشی ترقی ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی (کروڑ پتی) ملینئر جو کہ یہاں امریکہ کی عوام اور معاشرے سے ملیئنئر بنتا ہے تو اس پر بھی یہ فرض عائد ہوتاہے کہ وہ سوسائٹی اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے اور ٹیکس ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ میرا بس چلے تو کسی پر بھی ٹیکس عائد نہ کروں لیکن یہ مجبوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریپبلکن پارٹی کے افراد کا کہنا ہے کہ اس بل کے پاس ہونے سے اوباما کی الیکشن میں جیت ہوجائے گی لیکن میں کہتاا ہوں کہ الیکشن میں تو ابھی 13ماہ باقی ہیں لیکن عوام اس وقت شدید معاشی حالات کا شکار ہیں اور ریپبلکن میری طرف دیکھنے کے بجائے عوام کو دیکھیں تاکہ عوام اس پریشانی سے چھٹکارا حاصل کرسکے۔ صدر اوباما نے کہا کہ اس بل کے پاس ہونے سے امریکہ بھر میں ٹیچر، فائر فائٹر، پولیس، تعمیراتی کمپنیوں سمیت ہر شعبے میں لاکھوں روزگار کے مواقع عوام کو ملیں گے اس لئے میں ہر ریاست میں جاکر عوام کو اس بل کیلئے جس کو میں نے متعارف کرایا ہے، متحرک کررہا ہوں تاکہ وہ اپنے علاقہ کے اراکین کانگریس اور سینیٹ پر زور دیں کہ وہ اس بل کو پاس کریں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی ٹیکس نظام میں کافی نقائص ہیں جس کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک امریکی بلینر وار اینڈ بوفٹ نے خود یہ تسلیم کیا ہے کہ ان سے زیادہ ان کی سیکریٹری ٹیکس دیتی ہے لہٰذا یہ بل ایسے نقائص کو ختم کرے گا اور ہر شخص صحیح طور پر ٹیکس حکومت کو ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس بل کے پاس ہونے سے امریکہ میں خوشحالی آئے گی اور ہم ایک بار پھر اس قابل ہوسکیں گے کہ دنیا میں اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو ہر سطح پر منواسکیں۔ اس موقع پر وہاں موجود افراد نے ان کی تقریر پر کئی بار کھڑے ہوکر تالیاں بجائیں اور بھرپور داد دی۔ تقریب میں جانے کیلئے سخت سیکورٹی انتظامات تھے جبکہ ریاست ٹیکساس سے امریکن پاکستانی وفد کی قیادت مسلم ڈیموکریٹک رہنما سید فیاض حسن نے کی۔ تقریر کے آخر میں پنڈال میں موجود مرد و خواتین سے امریکی صدر نے ہاتھ ملایا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.