5 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 9:57
بچوں کے بجائے اب روبوٹ اونٹ ریس میں حصہ لیں گے
جنگ نیوز -
دبئی…این جی ٹی…عرب ممالک میں اونٹوں کی ریس کو ایک خاص اہمیت اور منفردمقبولیت حاصل ہے جسے تفریح کے ساتھ ساتھ طاقت اور دولت کی علامت بھی سمجھاجاتا ہے۔ اس ریس کو مزید پرکشش بنانے کیلئے اب جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے جس کے بعد اس ریس میں انسانوں کی جگہ روبوٹس نے لے لی ہے جو اس ریس کے دوران اونٹ کی پیٹھ پر بیٹھ کر اونٹ سوار کے فرائض سر انجام دیتے ہیں۔ ریس کے آغاز کے وقت اونٹوں کی پیٹھ پر ”کمال“نامی ان رو بوٹس کو مضبو طی سے باندھ دیا جا تاہے جنہیں اونٹ کا مالک ریس میں دوڑتے اونٹوں سے کچھ فاصلے پر چلتی گاڑی سے ریموٹ کے ذریعے کنٹرول کرتا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل عرب ممالک میں اونٹوں پر نوعمر بچوں کو سوار کرکے اس ریس کا حصہ بنایا جاتا تھا لیکن متحدہ عرب امارات میں 16سال سے کم عمر بچوں کی اونٹ دوڑ میں شمولیت پر پابندی کے بعد اب سوئس کمپنی کے تیار کردہ یہ روبوٹس ”کمال“باکمال طریقے سے اونٹ سوار کی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔