5 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 9:57
صدر مملکت کے حوالے سے نواز شریف کا بیان افسوسناک ہے، فوزیہ وہاب
جنگ نیوز -
اسلام آباد…جنگ نیوز…پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی فوزیہ وہاب نے میاں نوازشریف کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری چاروں صوبوں سے ووٹ لیکر صدر مملکت منتخب ہوئے ہیں، ان کا موازنہ حقانی نیٹ ورک یا دیگر دہشت گردوں سے کرنا افسوسناک ہے، یہ لوگ پاکستان کے ایجنڈے اور وجود کو بھی نہیں مانتے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں لوڈ شیڈنگ پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کو چاروں صوبائی اسمبلیوں اور پارلیمنٹ نے کثرت رائے سے منتخب کیا ہے۔ ان کیخلاف میاں نوازشریف کا بیان افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ پاکستان کے وجود اور جھنڈے کو نہیں مانتے ان کا قومی اور صوبائی اسمبلیوں سے منتخب صدر آصف علی زرداری سے موازنہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے گزشتہ دو دنوں میں4 ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ کیا گیا ہے جلد ہی ہم 14 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنا شروع کر دینگے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں توانائی کے منصوبے محترمہ بینظیر بھٹو کے دور میں شروع کئے گئے اگر اس دور میں ہمارے منصوبے ختم نہ کئے جاتے تو آج ملک میں توانائی کا بحران نہ ہوتا۔ بعد میں آنے والی کسی حکومت نے ایک میگاواٹ بجلی کا اضافہ نہ کیا۔ شوکت عزیز کی مالی بدانتظامی کی وجہ سے گردشی قرضوں کا مسئلہ پیدا ہوا۔ اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے جب حکومت نے ٹیکس اصلاحات لانا چاہئیں تو اپوزیشن نے اس پر اعتراض کیا جس کے باعث گردشی قرضوں کی صورتحال کا تدارک نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کا مسئلہ قومی املاک کو جلانے سے حل نہیں ہو گا۔ اپوزیشن لوگوں کو توڑ پھوڑ کیلئے اشتعال دلار ہی ہے۔ پرامن احتجاج کا سب کو حق حاصل ہے۔ قومی املاک کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اپوزیشن نے گزشتہ تین دنوں کے دوران حب الوطنی کا ثبوت نہیں دیا۔ ان معاملات پر ہمیں سیاست نہیں چمکانی چاہئے۔