تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 10:45

افغانستان کی بھارت سے قربتیں،پاکستان سے دوریاں، ’نیو یارک ٹائمز‘

جنگ نیوز -


کراچی…رفیق مانگٹ…افغانستان بھارت کے قریب اورپاکستان سے دوری کے راستے پر ہے۔ امریکی اخبار’نیو یارک ٹائمز‘ کے مطابق افغان حکام نے اشارہ دیا ہے کہ اب انہیں اپنے مشرقی ہمسائے پاکستان کے ساتھ تعلقات کی کشیدگی کو دورکرنے میں کوئی دلچسپی نہیں۔ افغانستان کے صدر حامد کرزئی کے دورہٴ بھارت میں دو اہم پیش رفتیں ہوئیں، کرزئی نے نئی دہلی میں بھارت کے ساتھ ایک وسیع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے معاہدے پر دستخط کیے جسے پاکستان میں ملک دشمن سمجھا جارہا ہے۔ کرزئی نے اپنے دورے میں بھارت اور افغانستان کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی اور سیکورٹی تعلقات پر زور دیا۔ کرزئی اور بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ کی طرف سے اسٹریٹجک معاہدے پر دستخط کا عمل گزشتہ پانچ ماہ سے جاری تھا۔ پاکستانیوں کیلئے یہ غصے کا باعث اس لئے بھی ہے کہ افغان سیکورٹی فورسز کی تربیت اور انہیں مسلح کرنے کیلئے بھارت کو راستہ فراہم کرنا ہے تاکہ آئندہ برسوں میں نیٹو افواج کے انخلاء کے بعد پیدا ہونے والے اس خلاء کو پر کیا جاسکے۔ اخبار کے مطابق پاکستان اور بھارت دونوں جوہری قوتیں ہیں اور عرصہ دراز سے افغانستان میں ایک دوسرے کے محرکات پر شبہات کا اظہار کرتی آرہی ہیں۔ اخبار لکھتا ہے کہ پاکستان افغانستان میں کسی بھی دہشت گردی کی کارروائی میں ملوث ہونے کے الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہے اور یہ سوال اٹھاتا ہے کہ بھارت کے کابل کے سفارت خانے کے علاوہ مزار شریف، قندھار اور جلال آباد میں قونصل خانے کھولنے کی وجہ صرف پاکستان پر نظر رکھنا ہے۔ اخبار کے مطابق گزشتہ 10سال کے دوران بھارت نے افغانستان میں تقریباً 2ارب ڈالر کی رقم خرچ کی ہے، امیر افغانی اکثر طبی علاج کیلئے بھارت کا سفرکرتے ہیں، کئی برسوں سے کابل اور نئی دہلی سے ہفتہ وار پروازوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوچکا ہے، اگرچہ کرزئی کا دورہٴ بھارت پہلے سے طے تھا لیکن برہان الدین ربانی کے قتل کے بعد یہ دورہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں مزید کشیدگی لے کر آیا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.