5 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 19:57
فرنس آئل کی فراہمی،کراچی میں لوڈشیڈنگ معمول پر
جنگ نیوز -
کراچی...کے ای ایس سی کو اضافی فرنس آئل اور گیس کی فراہمی میں اضافے کے بعد کراچی میں معمول کے مطابق رہائشی اور تجارتی علاقوں میں تین سے ساڑھے چار گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ صنعتی علاقوں کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ کردیا گیاہے۔وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم کی ہدایت پر اضافی فرنس آئل ملنے کے بعد شہر میں لوڈ شیڈنگ کا پرانا شیڈول بحال کردیا گیاہے جس کے بعد رہائشی علاقوں میں تین سے ساڑھے چار گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، جبکہ صنعتی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی۔ترجمان کے ای ایس سی کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے کے ای ایس سی کو 190مکعب ملین فٹ گیس فراہم کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق بعض علاقوں میں پی ایم ٹی اور مختلف فنی خرابیوں کے باعث طویل دورانیئے کیلئے بجلی کی فراہمی بھی معطل رہتی ہے۔ترجمان کے ای ایس سی کے مطابق متاثرہ علاقوں کی پی ایم ٹی جل گئی ہے اور علاقہ مکین کے ای ایس سی کے نادہندہ ہیں۔ترجمان کے مطابق کے ای ایس سی انتظامیہ علاقہ مکینوں پر واضح کرچکی ہے کہ بلوں کی ادائیگی کی صورت میں پی ایم ٹی تبدیل کردی جائیگی۔