6 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 6:58
لاہور میں ڈینگی کے 4اور مریض دم توڑ گئے
جنگ نیوز -
لاہور… ڈینگی وائرس سے میواسپتال میں آج مزید 4 افراد زندگی ہار گئے لاہور میں مرنے والوں کی تعداد 155 جبکہ پنجاب میں 172 ہوگئی۔ انڈونیشیا کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈینگی مچھر کو ختم کیے بغیر ڈینگی پر قابو پانا ممکن نہیں۔ لاہور میں ڈینگی وائرس سے اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ آج اس بیماری سے چونگی امرسدھو کا 50 سالہ عثمان، کامونکی کا 40 سالہ بابر، ساندہ کا 70 سالہ ریاض اور مغل پورہ کا 70 سالہ عزیز دم توڑ گئے۔ پنجاب میں24 گھنٹوں کے دوارن400 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔ صوبے میں مریضوں کی تعداد چودہ ہزار 77 ہو گئی۔ لاہور میں300 نئے کیسز سامنے آنے سے یہ تعداد بارہ ہزار دو سو سولہ تک جا پہنچی ہے۔ اسپتالوں میں بڑی تعداد میں لوگ تیز بخار کی شکایت پر آرہے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق دنیا میں ڈینگی وائرس سے ہونے والی اموات کی شرح ایک فیصد ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ صحت پنجاب کے اعدادوشمار کو درست تسلیم کر لیا جائے تو صوبے میں ڈینگی سے شرح اموات ایک اعشاریہ دو پانچ فیصد ہے۔