6 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 8:20
امریکا افغانیوں کے کہنے پر،پاکستان پر اْنگلی اٹھانا چھوڑ دے،عبد اللہ ہارون
جنگ نیوز -
نیویارک…اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب عبداللہ حسین ہارون نے امریکی الزامات پر کہا ہے کہ ایڈمرل مائیک مولن کافی برسوں بعد جاگے ہیں۔ امریکا افغانیوں کے کہنے پر پاکستان پر اْنگلی اٹھانا چھوڑ دے ، ہم امن پسند لوگ ہیں۔ امریکی ٹی وی سے انٹرویومیں عبداللہ حسین ہارون نے کہا کہ پاکستان پر انگلی اٹھانے سے پہلے اس سے بات کرنا دانشمندی ہے،امریکا نے کئی غلطیاں کی ہیں جن میں ایک طالبان کے بارے میں غلط تاثر بھی رکھنا ہے۔ امریکا کو کافی دیرمیں یہ بات سمجھ میں آئی کہ ہر مسئلے کا حل طاقت نہیں۔ آج یہ بات بھی سامنے آگئی کہ یہ امریکی ہی تھے جنہوں نے حقانی گروپ کے لوگوں سے بھی رابطے کیے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ حقانی سابق امریکی صدر ریگن کی ہی پیداوار ہیں۔ پاکستانی سفیر نے پاکستانیوں کو امن پسند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ویتنام جنگ ختم کرانے کیلئے ، دروازہ کھولنے والا پہلا ملک پاکستان ہی تھا۔ امریکا نے دہشت گردی کے خلاف اتنی قیمت ادا نہیں کی جتنی پاکستان قربانیاں دے چکا ہے لہٰذا اسے قربانی کا بکرا نہ بنانے کی بجائے اْس کا احترام اور مدد کی جائے۔