6 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 9:35
مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد ایک اور مقدمے میں گرفتار
جنگ نیوز - …مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کو پولیس نے دہشت گردی کے ایک مقدمے میں گرفتار کرلیا ہے۔ انہیں کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ پولیس ذرائع کے مطابق آفاق احمد کی گرفتاری کورنگی میں دس سال 5 ماہ پرانی اغواء برائے تاوان کی ایف آئی آر نمبر 201 کے تحت عمل میں آئی ہے یہ ایف آئی آر 6 مئی 2001 کو جمیل احمد نے درج کرائی تھی۔ جس میں ایم کیو ایم کے سابق رکن صوبائی اسمبلی یونس خان اور ایک شخص ظفر نامزد تھے جو اطلاع کے مطابق عدالت سے بری ہوچکے ہیں جبکہ دو ملزمان نامعلوم تھے جن میں سے ایک ملزم کو آفاق احمد ولد شفقت حسین کے طور پر شناخت کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق اس سلسلے میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت 2001 میں ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کرچکی ہے۔ کورنگی پولیس کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر دو سے آج اجازت بھی حاصل کرلی گئی۔ جس کے بعد کورنگی تھانے کے ایس ایچ او فاروق ستی نے ملیر ڈسٹرکٹ جیل لانڈھی جیل جاکر آفاق احمد کی اس مقدمے میں باقاعدہ گرفتاری ظاہر کردی گئی۔ آفاق احمد کو کل سندھ ہائی کورٹ میں واقع انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ لئے جانے کا امکان ہے۔ آفاق احمد کی کئی مقدمات میں بریت اور کئی میں ضمانت پر رہائی کے احکامات کے بعد 28 ستمبر کو ایم پی او کے تحت ایک ماہ کے لئے نظربند لیا گیا تھا۔