6 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 9:46
بنگلہ دیشی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر خطرناک حریف ثابت ہو گی، رچی رچرڈسن
جنگ نیوز -
ڈھاکہ…جنگ نیوز… ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے منیجر رچی رچرڈسن نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر خطرناک حریف ثابت ہو گی اور دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے دار سیریز کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم روایتی کھیل پیش کرنے میں کامیاب ہوئی تو وہ میزبان ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رچی رچرڈسن نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی سر زمین پر اچھا کھیلتی ہے اس لئے ہماری ٹیم اسے آسان نہیں لے گی، کھلاڑیوں نے دورے کے لئے بھرپور تیاری کر رکھی ہے کھلاڑی اگر روایتی کھیل پیش کرنے میں کامیاب ہوئے تو فتح ہماری ہی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کے کھلاڑی بھرپور فارم میں ہیں اور توقع ہے کہ شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کا ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم میزبان ٹیم کو آسان حریف تصور کرنے کی غلطی نہیں کرے گی کیونکہ انہیں اس سے قبل 2009ء میں دو ٹیسٹ کرکٹ میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔