6 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 10:20
شہریوں کے تحفظ کی ذمہ داری ریاست پر عائد ہوتی ہے،سپریم کورٹ
جنگ نیوز -
اسلام آباد…سپریم کورٹ آف پاکستان نے کراچی بدامنی کیس کے ازخود نوٹس کا فیصلہ سنادیا ہے۔ فیصلہ 100سے زائد صفحات پر مشتمل ہے، 24اگست کو کراچی میں بدامنی کا ازخود نوٹس لیا تھا۔ اپنے فیصلے میں چیف جسٹس ، جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ اسلام امن و آتشی کا مذہب ہے، قتل و غارت سے منع کرتا ہے، ایک انسانیت کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے، قرآنی تعلیمات پاکستان کے آئین کا حصہ ہیں، جو کوئی کسی ایمان والے کو جان بوجھ کر قتل کرتا ہے اسکے لیئے سنگین سزا ہے، ریاست کی ذمہ داری ہے وہ بنیادی حقوق کا تحفظ کرے، 1973کا آئین بلا تفریق رنگ و نسل سب شہریوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے، کسی کو تشدد کا نشانہ نہیں بنایا جا سکتا، قانون کی نظر میں تمام افراد برابر ہیں، بد امنی میں متوازن معاشرے کا قیام ممکن نہیں، فرقہ وارانہ اور لسانیت کے معاملات پر معاشرہ متاثر ہوتا ہے، امن و امان کی وجہ سے ملکی معاشی صورتحال پر منفی اثر پڑتا ہے، ملک میں معاشی سرگرمیاں بلا خوف و خطر جاری رہنی چاہئیں۔