6 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 20:20
فیصلے کا خیرمقدم ، مجرموں کی تحریک میں کوئی گنجائش نہیں ہے ، رابطہ کمیٹی
جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں بدامنی ازخودنوٹس کیس کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کاخیرمقدم کیاہے ۔اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ہم سپریم کورٹ کے فیصلے کادل سے احترام کرتے ہیں اوریہ امیدکرتے ہیں کہ اس فیصلے کے نتیجے میں کراچی میں پائیدارامن کے قیام میں مدد ملے گی اورجرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی ہوگی۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ہم سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس افتخارچوہدری اور تمام فاضل جج صاحبان کا دلی شکریہ اداکرتے ہیں جنہوں نے کراچی میں معصوم شہریوں کے قتل اوربدامنی کے واقعات کاازخودنوٹس لیاجس کی بدولت کراچی میں امن بحال ہوااور سینکڑوں معصوم شہریوں کی زندگیاں محفوظ ہوئیں ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم کراچی میں امن واستحکام کے سلسلے میں اپناکرداراداکرتی رہے گی ،اس سلسلے میں قائدتحریک الطاف حسین کئی بار واضح الفاظ میں یہ کہہ چکے ہیں کہ ایم کیوایم میں جرائم پیشہ عناصر کیلئے کوئی گنجائش نہیں ہے ، ایم کیوایم نے ماضی میں بھی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افرادکوپارٹی سے خارج کیااوراب سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں بھی ایم کیوایم نے تمام یونٹوں ،سیکٹروں اورزونوں کوسختی کے ساتھ ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی صفوں میں کڑی نظررکھیں اوراس بات کویقینی بنائیں کہ کوئی بھی جرائم پیشہ فردایم کیوایم کی صفوں میں داخل نہ ہوسکے کیونکہ ایم کیوایم میں جرائم پیشہ عناصر کیلئے نہ کل کوئی گنجائش تھی اورنہ ہی آج ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ہم تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کوایک بارپھرکھلے دل سے دعوت دیتے ہیں کہ وہ کراچی میں امن و استحکام ، بھائی چارے ،احترام ،ہم آہنگی اوربرداشت کی فضاء کوفروغ دینے کیلئے ملکرکام کریں اورایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں۔