6 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 20:20
پی پی متحدہ،مفاہمت :رحمن ملک کی کوششیں قابل تحسین ہیں، الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن…وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کوفون کرکے ایم کیوایم اورپیپلزپارٹی کے دوبارہ اتحاد اورایم کیوایم کی حکومت میں دوبارہ شمولیت پرمبارکبادپیش کی ۔ رحمن ملک نے الطاف حسین سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ آپ ایک عظیم رہنماہیں، آپ نے ایک سچے اورمخلص اتحادی کی طرح ہرکڑے اورمشکل وقت میں حکومت کاساتھ دیاہے اورایک ایسے وقت میں بھی کہ جب بعض مخالفین ملک میں جمہوری نظام کوغیرمستحکم کرنا چاہتے تھے اورملک کو سیاسی بحران میں مبتلاکرناچاہتے تھے، ایم کیوایم نے حکومت میں دوبارہ شمولیت کا جو مدبرانہ فیصلہ کیاہے اس نے جمہوریت کواستحکام بخشاہے جس پرمیں آپ کی سیاسی بصیرت کوسلام پیش کرتاہوں ۔ رحمن ملک نے ایم کیوایم اورپیپلزپارٹی کے درمیان دوبارہ اتحادکو انتہائی مثبت اورخوش آئند قراردیتے ہوئے کہاکہ اس فیصلے سے جمہوریت مستحکم ہوگی،ایم کیوایم کل بھی ہماری اتحادی تھی ، آئندہ بھی رہے گی اورانشاء اللہ دونوں جماعتیں جمہوری نظام کے استحکام اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے مل کرکام کریں گی۔الطاف حسین نے وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک کے خیالات کو سراہتے ہوئے انہیں بھی ایم کیوایم اورپیپلزپارٹی کے درمیان دوبارہ مفاہمت پرمبارکبادپیش کی ۔ الطاف حسین نے دونوں جماعتوں کے درمیان دوبارہ اتحاداورمفاہمت کے سلسلے میں رحمن ملک کی کوششوں کوسراہااورموٴثراورمثبت کرداراداکرنے پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔