6 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 20:31
ہم نے سادہ اکثریت میں وہ کیا جو دو تہائی والے بھی نہ کرسکے،زرداری
جنگ نیوز -
اسلام آباد…صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں کی بڑی محدود سوچ اور چھوٹے مفادات ہیں اور وہ موجودہ صورت حال سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں لیکن حکومت انہیں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔اسلام آباد میں پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت نے سادہ اکثریت کے باوجود وہ کچھ حاصل کیا جو دو تہائی والے نہ کر سکے، پیپلزپارٹی کے خلاف ناجائز اور بے بنیاد پراپیگنڈہ جاری ہے تاہم وہ جمہوری اداروں کی مضبوطی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کام جاری رکھیں گے، پیپلزپارٹی مخالفت کے باوجود جمہوری ایجنڈہ مکمل کرے گی ، کچھ لوگ ماضی کی غلطیوں کا بھی موجودہ حکومت کو ذمہ دار قرار دیتے ہیں، ، صدر زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت نے مزاحمتی سیاست کے بجائے مفاہمتی سیاست کو متعارف کرایا،اتحادیوں کے درمیان دراڑیں ڈالنے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، ایم کیو ایم اور ق لیگ کے حالیہ فیصلے سے مفاہمتی عمل اور سیاسی استحکام مضبوط ہو گا، اختلاف رائے کا احترام کرتے اور تعمیری تنقید کو جمہوریت کا حسن سمجھتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ حکومت نے غیر ملکی ترسیلات زر 6 ارب سے بڑھا کر 11 ارب کیے اور ملکی تاریخ میں پہلی بار ٹیکس کا دائرہ کار وسیع کیا۔