7 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 3:31
سنی تحریک کے مرکزی دفتر پر چھاپہ،شاہد غوری اور مبین قادری زیر حراست
جنگ نیوز -
کراچی ... کراچی میں ہڑتال کی کال کے پیش نظر رات گئے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کرکے کاروبار بند کرادیا گیا۔سنی تحریک کے مرکزی دفتر پر چھاپے کے بعد رینجرز نے مرکزی رہنماوٴں شاہد غوری اور مبین قادری کو حراست میں لے لیا۔ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ شہر کا امن بگاڑنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔پولیس کے مطابق کراچی میں سمن آباد، لانڈھی، کورنگی، گودھرا، اولڈ سٹی ایریا اور مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دکانیں بند کرادی گئیں۔ کورنگی روڈ پر بلال چورنگی کے قریب نامعلوم شرپسندوں نے مسافر بس روٹ نمبر ڈی گیارہ کو آگ لگادی۔ لی مارکیٹ کے قریب سے رات گئے ایک شخص کی بوری بند لاش بھی ملی ہے۔دوسری جانب رات گئے رینجرز نے سنی تحریک کے مرکزی دفتر کا گھیراوٴ کیا اور سنی تحریک کے مرکزی رہنماوٴں شاہد غوری اور مبین قادری کو حراست میں لے لیا۔ترجمان سنی تحریک نے مرکزی رہنماوٴں کی گرفتاری کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔رینجرز کی چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ دوسرے علاقوں میں بھی جاری رہا۔ناظم آباد کے علاقے کھنڈو گوٹھ،لیاری کے علاقے سنگھو لین اور دیگر علاقوں میں بھی رینجرز نے چھاپے مارتے ہوئے متعددافراد کو زیر حراست لے لیا۔ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق ہڑتال کے بہانے کسی کو شہر کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور شہر میں تخریب کاری کی کوشش کرنے والوں اور امن کو بگاڑنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔