7 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 7:47
ماردھاڑ میں ملوث جماعتوں کیخلاف ریفرنس بھیجے جائیں،نواز شریف
جنگ نیوز -
نوابشاہ… مسلم لیگ نے کے قائد میاں نواز شریف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہحکومت کو بھی معلوم ہے کس جماعت کے عسکری ونگ ہیں، دہشتگردی میں ملوث جماعتوں پر پابندی عائد کی جائے۔ دولت پور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ کراچی پر امن شہر تھا، شہر میں امن تباہ کردیا گیا، امن تباہ کرنے والے ملک کی کیا خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کن سیاسی جماعتوں نے سیاست میں آتے ہی مار دھاڑ شروع کردی تھی، حکومت ان سیاسی جماعتوں کیخلاف ریفرنس بھیج سکتی ہے۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ حکومت کوعوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں، حکومت کے پاس وسائل ہیں جنھیں وہ ضائع کررہی ہے،موجودہ حکومت نے بگاڑ پیداکیا، امن کے مسئلے میں سیاست نہیں کرنی چاہیے، کرپشن کاپیسہ واپس کرنیوالے آج بھی عہدوں پرفائز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی بن کر ملک کی خدمت کرتے رہینگے،ہم نے اپنا قومی فرض ادا کیا ہے سندھ پر کوئی احسان نہیں کیا، ذمہ داری ہمارے کندھوں پرآئیگی تواسے نبھائیں گے ۔ اے پی سی کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات کے جواب میں میاں نواز شریف نے کہا کہ خارجہ پالیسی کو قومی مفادات سے ہم آہنگ کرنے اور پاکستان کی اندرونی وبیرونی پالیسیوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔