7 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 8:20
لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان، بجلی کی بندش میں نمایاں کمی
جنگ نیوز -
کراچی… ملک بھر میں ایک ہفتے کے دوران ہونیوالی بجلی کی طویل بندش میں اب نمایاں کمی آنا شروع ہوگئی ہے ۔ پیپکو ترجمان کا دعویٰ ہے کہ ملک میں بجلی کی طلب اور رسد برابر ہونے کے بعد لوڈ شیڈنگ ختم کر دی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب 13ہزار 990 میگاواٹ اور بجلی کی پیداواربھی 13ہزار 240 میگا واٹ ہے۔ لاہور میں واپڈا کی جانب سے گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری غیراعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کے بعد لاہور کے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا اور چین کی نیند سوئے۔ ترجمان کے ای ایس سی کے مطابق کے ای ایس سی کو اضافی فرنس آئل اور گیس کی فراہمی میں اضافے کے بعد کراچی میں معمول کے مطابق رہائشی اور تجارتی علاقوں میں تین سے ساڑھے چار گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ صنعتی علاقوں کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قراردیا گیاہے۔ پنجاب میں ملتان ، سرگودھا اور بہاول پور کے عوام نے ذرا سکھ کا سانس لیا ہے جہاں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم ہوا ہے۔ شہری علاقوں میں 4 سے 6 جبکہ دیہی علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی گئی۔ چیچہ وطنی میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ16 گھنٹے سے کم ہوکر 8 گھنٹے کردیا گیا ہے۔ فیصل آباد اور گوجرانوالہ کے شہری علاقوں میں بھی اب سولہ سولہ گھنٹے کے بجائے آٹھ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ دیہی علاقوں میں اب بارہ سے چودہ گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے۔ حیدرآباد میں اب چار جبکہ میرپورخاص میں آٹھ سے دس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کردی گئی ہے۔ سندھ کے دیگر علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں نمایاں کمی آئی۔ اسی طرح بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے شہری اور دیہی علاقوں میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی کم ہونے پر عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے۔