8 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 8:33
حکومت کا نام بھتہ خوری میں آگیا، اسے چلے جانا چاہیے،نواز شریف
جنگ نیوز -
ٹنڈوآدم… مسلم لیگ ن کے صدر میاں نوازشریف نے کہا کہ عوام کا پیسہ حکومت کی شاہ خرچیوں پر خرچ ہوتاہے۔ عوام کو ان کا حق دلوانے کے لئے سندھ آیا ہوں۔حکومت کو اب چلے جانا چاہیے اس کانام بھتہ خوری میں آچکاہے۔نوجوان ساتھ دیں تو انقلاب آئیگا۔اورانقلاب کے بغیر ناانصافیاں ختم نہیں ہوسکتی۔ ٹنڈوآدم میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں اگر وہ سندھ کا دورہ کرسکتے ہیں تو اور لوگ کہاں ہیں۔ اس سے پہلے بھٹ شاہ میں حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائی کے مزارپرحاضری کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان اگر ساتھ دیں تو انقلاب آئیگااورلوگوں کو انصاف ملے گاناانصافیاں انقلاب کے بغیر ختم نہیں ہوسکتی۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت کو اب ہٹ جانا چاہیے،یہ حکومت کسی کام کی نہیں رہی اس کا نام بھتہ خوری میں آچکاہے،اوراس کے عسکری ونگ ہیں۔ سکرنڈ میں مسلم لیگی رہنما اصغر رند کی رہائشگاہ پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ سیلاب میں کتنے ہی لوگ ڈوب گئے کیا کسی نے پوچھا۔انہوں نے کہا کہ بارش سے جنکے گھر متاثر ہوئے انھیں ایک ایک لاکھ روپے دیے جانے چاہیے چاہیے۔میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ پنجاب سے آپ کو حق دلوانے کے لیے یہاں آیا ہوں اورانتخابات میں بھی آپ کیلئے جنگ کروں گا۔ اس سے پہلے دولت پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ جن سیاسی جماعتوں نے سیاست میں آتے ہی ماردھاڑ شروع کی حکومت ان کیخلاف ریفرنس بھیج سکتی ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ امن کے مسئلے میں سیاست نہیں کرنی چاہیے۔ دہشتگردی میں ملوث جماعتوں پر پابندی عائد کی جائے۔انہوں نے کہا کہ امن تباہ کرنے والے ملک کی کیا خدمت کریں گے،، نواز شریف نے کہاکہ پاکستان کی اندرونی وبیرونی پالیسیوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔۔۔حکومت کوعوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں،،کرپشن کاپیسہ واپس کرنیوالے آج بھی بڑے عہدوں پرفائز ہیں۔