8 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 8:33
پہلاایل این جی ٹرمینل قائم کرنے کیلئے معاہدہ طے
جنگ نیوز -
کراچی…پاکستان کا پہلا ایل این جی ٹرمینل قائم کرنیکیلئے پاکستان گیس پورٹ اور اوورسیز پرائیویٹ انوسٹمنٹ کارپوریشن اور وزارت خزانہ کے درمیان معاہدہ طے پایا گیا ہے، جس کے ذریعے 40 سے 50 کروڑ مکعب فٹ یومیہ ایل این جی گیس پاکستان آسکے گی اور 3 ہزار میگا واٹ بجلی کی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی۔وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ، پی جی پی ایل کے اقبال زیڈ احمد اور امریکی کمپنی او پی آئی سی کے رابرٹ ڈرگلر کے نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے کہا کہ ایل این جی ٹرمینل کے قیام سے سے بجلی کے بحران پر قابو پانے اور بجلی کے نرخ کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ بابر غوری نے بتایاکہ منصوبے کے لیے پورٹ قاسم پر جگہ فراہم کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ پورٹ قاسم پر مزید دو ٹرمینل لگانے کی گنجائش موجود ہے اور دو کمپنیوں کے معاملات جلد طے کرلیے جائیں گے۔ پرو گیس کے سربراہ اقبال زیڈ احمد نے کہا کہ ٹرمینل کی تعمیر پر 16 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی ابتدائی سرمایہ کاری ہوگی اور اس میں امریکی کمپنی 9 کروڑ سے زائد کی سرمایہ کاری کر رہی ہے۔