8 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 8:48
ولی بابر قتل کیس میں3مفرور ملزمان اشتہاری قرار
جنگ نیوز -
کراچی…اخگر انور…کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جیونیوز کے رپورٹر ولی خان بابر کے مقدمہ قتل میں تین مفرورملزمان کواشتہاری قرار دیتے ہوئے زیرحراست پانچ ملزمان پر 21اکتوبر کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مقدمے کے تفتیشی افسر انسپکٹر نور صابر نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ سماعت پر انہیں مفرور ملزمان کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات جمع کرانے اور ان کی مفروری کے اشتہارات شائع کرانے کا حکم دیا گیا تھا۔ انہوں نے 3اخبارات میں ملزمان لیاقت علی، فیصل محمود عرف موٹا اور ایس ایم کامران عرف ذیشان کی مفروری کے اشتہارات شائع کرادئیے ہیں جبکہ گلشن اقبال، نارتھ ناظم آباد اور نارتھ کراچی کے ڈی ڈی اوز ریونیو نے انہیں مطلع کیا ہے کہ ملزمان کے نام کوئی جائیداد یا اثاثہ نہیں ہے۔ عدالت نے اس بیان کے بعد مفرور ملزمان لیاقت علی، ایس ایم کامران اور فیصل محمود عرف موٹا کو اشتہاری قرار دے دیا جبکہ زیرحراست پانچ ملزمان شاہ رخ، فیصل نفسیاتی، شکیل ملک، طاہر نوید پولکا اور محمد علی رضوی کو بیانات کی نقول فراہم کرتے ہوئے ان پر 21اکتوبر کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔