8 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 8:33
اسلام آباد میں دہشت گردی کی کوشش ناکام،اسلحہ اور گولہ بارود برآمد
جنگ نیوز -
اسلام آباد… اسلام آباد شہر کے نواحی علاقہ چٹھہ بختاور میں ایک گاڑی سے راکٹ ، خود کش حملے کی جیکٹ سمیت اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ، پولیس نے بعض افراد کو حراست میں بھی لے لیاہے ۔ اسلام آباد کے تھانہ شہزاد ٹاوٴن کے علاقہ چٹھہ بختاور کی آبادی میں آج پولیس نے کارروائی کی اور ایک مکان میں کھڑی گاڑی سے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا،ذرائع نے بتایاہے کہ یہ کارروائی گزشتہ شب ایک مشکوک شخص کی گرفتاری کے بعد کی گئی، پولیس نے آپریشن کے دوران چار افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ علاقہ کی مکمل ناکہ بندی کرکے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہل کار اور سکیورٹی حکام بھی وہاں پہنچ گئے، پولیس اور سکیورٹی اہل کاروں نے علاقہ کی تلاشی بھی لینا شروع کردی، بتایاگیا ہے کہ برآمد ہونے والے اسلحہ اور گولہ بارود میں دستی بم، سینکڑوں گولیاں بھی شامل ہیں ، امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ۰ اسلحہ اور گولہ بارود ، دہشت گردی اور بڑی تخریبی کارروائی کیلئے استعمال کیا جاسکتا تھا ، تفتیش اور تحقیقات کا مزید عمل بھی جاری ہے۔