8 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 12:37
وزارتیں واپس لی گئیں تو حکومت کو خدا حافظ کہہ دیں گے، پیر پگارا
جنگ نیوز -
کراچی… مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیرپگارانے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کودھمکی دی ہے اگرصوبائی وزارتیں لی گئیں توسندھ حکومت کوخداحافظ کہہ دیں گے۔کنگری ہاوٴس کراچی میں مسلم لیگ فنکشنل کے سندھ کابینہ میں شامل ارکان سے ملاقات کے بعدمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے پیر پگارا کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ کروٹ بدلتی رہتی ہے ہم سے وزارتیں لی گئیں تو صدر زرداری سے بات کریں گے۔ انکا کہنا تھا کہ ہمارا سمجھوتہ صدر زرداری سے ہے قائم علی شاہ سے نہیں۔ پیر پگارا کا کہنا تھا کہ وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کی کوئی پالیسی نہیں ہے۔ایک سوال کے جواب میں مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ حکومت انہیں استعمال کرکے ٹشو پیپر کی طرح پھینک دے۔ حکومت جانتی ہے کہ فنکشنل لیگ نہ ہوتی تو اسے مشکلات کا سامنا ہوتا۔ذرائع کے مطابق کنگری ہاوس میں ہونے والی ملاقات میں امیتاز شیخ، جام مدد علی، رفیق بابن، امام الدین شوقین شامل تھے۔