8 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 20:22
سندھ میں وزارتوں کی تقسیم، سراج درانی ، چودھری شجاعت کو نہ مناسکے
جنگ نیوز -
لاہور...سندھ کے وزیر بلدیات، پیپلزپارٹی کے رہنما آغا سراج خان درانی نے لاہور میں مسلم لیگ ق کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت اور سینئر وفاقی وزیر پرویز الٰہی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور سندھ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں سندھ حکومت میں ا یم کیو ایم کی واپسی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور اتحادی جماعتوں میں قلم دانوں کی تقسیم کے حوالے سے بات چیت کی گئی ۔ ذرائع نے انکشاف کیا کہ ملاقات کے حوصلہ افزا نتائج سامنے نہیں آسکے۔ مسلم لیگ ق کے میڈیا سیل سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں کراچی کی صورتحال اور سندھ میں سیلاب سے پیدا شدہ صورتحال اور امدادی سرگرمیوں پرگفتگو کی گئی۔ق لیگ کی طرف سے سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان کی ترسیل پر آغا سراج درانی نے تشکر کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ سندھی بھائیوں کیلئے مصیبت کی اس گھڑی میں مسلم لیگ ق کی قیادت کے ہمدردانہ جذبات اور ان کی امداد کیلئے عملی اقدامات قابل تحسین ہیں۔