تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
9 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 19:12

چیئر مین نیب کیلئے فصیح بخاری کا نام تجویز، ن لیگ نے مسترد کردیا

جنگ نیوز -


اسلام آباد…صدر آصف علی زرداری نے چیئرمین نیب کیلئے سابق نیول چیف فصیح بخاری کا نام تجویز کردیا ہے ۔ترجمان ایوان صدر کے مطابق صدر نے قومی اسمبلی میں قائد ایوان وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی کو خطوط ارسال کردیئے ہیں جس میں دونوں سے فصیح بخاری کی بطور چیئرمین نیب تقرری کے بارے میں رائے طلب کی ہے۔ مسلم لیگ ن نے سابق ایڈمرل فصیح بخاری کی تقرری کو مسترد کردیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات مشاہداللہ کاکہناہے کہ نیب کا چیئرمین ایسے شخص کو ہوناچاہیے جس کے دامن پر کوئی داغ نہ ہو لیکن زرداری صاحب نے ایسے شخص کو اس عہدے پرمقررکیا کہ جس کے دورمیں آگسٹا آبدوزوں کااسکینڈل سامنے آیا تھا۔ سابق ایڈمرل فصیح بخاری نے یکم جنوری 1959 میں پاک بحریہ میں شمولیت اختیارکی،مئی 1962میں کمیشن حاصل کیا۔ آبدوز کمانڈر، نیول آپریشنز اور نیول وارفیئر آپریشن پلانز کے ڈائریکٹر کے طورپر کام کیا،1975 میں انہوں نے فرینچ نیول وارکالج سے گریجویشن کیا۔وہ 1997سے1999تک پاک بحریہ کے سربراہ رہے،بطورایڈمرل ان کے دورمیں پاک بحریہ کے بیڑے میں اگسٹا 90بی آبدوز شامل کی گئی۔صدر آصف زرداری نے اس سے پہلے مارچ 2011 میں سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس دیدار حسین شاہ کو چیئرمین نیب مقرر کیا تھا، مگر چودھری نثار اس فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ چلے گئے تھے۔ جہاں اس بنیاد پر ان کے حق میں فیصلہ دے دیا گیا کہ چیئرمین نیب کی تقرری سے پہلے حکومت نے ان سے مشاورت نہیں کی تھی جو کہ آئینی طور پر لازمی ہے۔ اب اس کیس میں چودھری نثار کا کیا ردعمل آئیگا اور وہ کیا پیشرفت کریں گے۔ اس کا فیصلہ تو وقت ہی کریگا مگر اس وقت تو حکومت نے اپوزیشن کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا کردیا ہے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.