9 اکتوبر 2011
وقت اشاعت: 20:13
علی بابا چالیس چور کا ٹولہ ملکی دولت کی لوٹ مار میں مصروف ہے،شہباز
جنگ نیوز -
لاہور…پنجاب کے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ علی بابا چالیس چور کا ٹولہ ملکی دولت لوٹ رہا ہے،اگر ملک کو چلانا ہے تو کرپٹ حکمرانوں کو ان کی گردنوں سے پکڑنا ہو گا،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف لاہورکے نواحی قصبے مانگا منڈی میں پنجاب سوشل سیکیورٹی اسپتال میں ڈینگی سے آگاہی کیلئے منعقدہ سیمینارسے خطاب کر رہے تھے،وہ آج پھر وفاقی حکومت پر خوب برسے،شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کرپٹ اورقوم کا سرمایہ لوٹنے والے حکمرانوں کو کبھی نہیں بخشے گا، شہبازشریف نے کہا کہ حکومت پی ایس او، حبکو،کیپکواور پیپکو کو پیسے دے دیتی تو لوڈشیڈنگ میں اضافہ نہ ہوتا، لوڈشیڈنگ کے دوران ڈینگی کی وجہ سے زیادہ اموات ہوئیں۔اس موقع پر انہوں نے انقلابی اشعار بھی پڑھے۔اس سے پہلے ڈینگی ایمرجنسی کمیٹی کے اجلاس میں شہبازشریف نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں،تمام ٹاوٴنز اور ہاوٴسنگ سوسائٹیوں میں پانی کی ٹینکیوں اور تالابوں کا سروے کرایا جائے۔